ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایک بار پھر مایا کوڈنانی نے امت شاہ پر داؤ کھیلا

ایک بار پھر مایا کوڈنانی نے امت شاہ پر داؤ کھیلا

Mon, 11 Sep 2017 20:04:12    S.O. News Service

احمدآباد،11؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)2002 میں ہوئے گجرات قتل عام میں نرودا پاٹیا حادثہ کی قصوروار قرار دی گئیں گجرات کی سابق وزیر مایا کوڈنانی نے اپنے دفاع کے لیے ایک بار پھر بی جے پی سربراہ امت شاہ پر داو کھیلا ہے۔ انھوں نے عدالت سے ایک بار پھر یہ گزارش کی ہے کہ انھیں خود کو بے قصور ثابت کرنے کا موقع دیا جائے کیونکہ وہ اپنے حق میں گواہی کے لیے امت شاہ کو پیش کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ جب قتل عام ہو رہا تھا اس وقت وہ امت شاہ کے ساتھ ہی تھیں۔ امت شاہ کے ذریعہ وہ براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی پر سوال اٹھانا چاہتی ہیں جو اس حادثہ کے وقت ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔قابل ذکر ہے کہ مایا کوڈنانی کو 2012میں نرودا پاٹیا قتل عام کیتعلق سے، جس میں 100سے زائد مسلمانوں کا قتل ہوا تھا، قصوارقرار دیتے ہوئے 28سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ انھیں 2014میں سپریم کورٹ سے ضمانت ملی اور اب وہ اس سزا کو چیلنج کر رہی ہیں۔ اس وقت سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ مایا کوڈنانی امت شاہ کو اپنی بے گناہی کے گواہ کی شکل میں کیوں پیش کرنا چاہتی ہیں؟ اس تیر سے وہ کون سا شکار کرنا چاہ رہی ہیں، آخر کیوں ان کا سیدھا نشانہ بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ بن رہے ہیں؟ امت شاہ اور مایا کوڈنانی کے رشتے کبھی اچھے نہیں رہے۔ دونوں ندی کے دو کنارے تصور کیے جاتے ہیں جو آپس میں نہیں مل سکتے۔

کوڈنانی کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ امت شاہ نے ہی مایا کو پھنسوا دیا اور ان کو ہی نرغے میں لے کر وہ باہر نکل سکتی ہیں۔صحافی اور گجرات فائلس کتاب کی مصنفہ رانا ایوب نے اس سلسلے میں بتایا کہ مایا کوڈنانی کو محسوس ہو رہا ہے کہ وہ ڈوب ہی رہی ہیں تو کیوں نہ گجرات کے اس وقت کے سربراہوں اور ان کے خواص کو ساتھ لے کر ڈوبا جائے۔ میں جب ان سے اسٹنگ آپریشن کے دوران ملنے گئی تھی تو مایا کوڈنانی نے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے خلاف کھل کر اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی۔ آج بھی وہ امت شاہ کو بطور گواہ بلا کر یہ ظاہر کر رہی ہیں کہ انھیں تنہا بلی کا بکرا نہیں بنایا جا سکتا۔ یقیناً ان کے (مایا کوڈنانی)اس قدم کے پیچھے کئی لوگوں کا دماغ ہوگا، یا ہو سکتا ہے۔

مایا کوڈنانی کا عدالت میں یہ کہنا کہ جس وقت ان پر قتل عام کا الزام عائد ہوا وہ امت شاہ کے ساتھ تھیں، معنی خیز ہے۔ مایا جانتی ہیں کہ امت شاہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خاص ہیں اور وہ انھیں بچانے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ ایسا وہ رعنا ایوب کے اسٹنگ آپریشن میں کہہ چکی ہیں۔ امت شاہ اور مایا کوڈنانی کے درمیان کے اس پیچ و خم کو سمجھنے کے لیے پیش ہے رعنا ایوب کی کتاب گجرات فائلس کے اُردو ایڈیشن کے کچھ حصے، جہاں وہ پورے معاملے پر بے باکی سے اپنی رائے رکھتی ہیں۔


Share: